مظفرآباد (آوازٹائمز) حکومتِ آزاد جموں و کشمیر اور پاکستان فوج کے زیر اہتمام تین روزہ نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کا شاندار انعقاد کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ ورکشاپ میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد، بشمول وکلاء، ڈاکٹرز، اساتذہ، سماجی کارکنان اور طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جس سے سیکیورٹی اور قومی مفادات کے حوالے سے آگاہی اور بصیرت حاصل کی گئی۔ورکشاپ کے پہلے روز سابق صدر آزاد جموں و کشمیر اور سفیر مسعود خان اور سابق سفیر عبدالباسط خان نے شرکاء سے خطاب کیا اور نیشنل سیکیورٹی کے اہم موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی۔ ورکشاپ کے دوسرے روز شرکاء کو لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے چکوٹھی سیکٹر کا دورہ کروایا گیا، جہاں انہوں نے پاک فوج کے سیکیورٹی اقدامات کا قریب سے مشاہدہ کیا اور اس حوالے سے سوالات کیے۔ اس دورے میں شرکاء نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا اور ایل او سی کی سیکیورٹی صورتحال کے بارے میں مزید معلومات حاصل کیں۔ورکشاپ کے آخری روز، جی او سی مری نے شرکاء کے ساتھ خصوصی نشست کی، جس میں سیکیورٹی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیل سے بات کی گئی اور شرکاء کو ورکشاپ میں شرکت کے لیے سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔ ورکشاپ کے تمام سیشنز میں شرکاء نے بھرپور حصہ لیا اور سیکیورٹی سے متعلق سوالات کے جواب میں مقررین نے مدلل اور تفصیلی وضاحت فراہم کی۔شرکاء نے حکومت آزاد جموں و کشمیر اور پاک فوج کا شکریہ ادا کیا اور اس نوعیت کی مزید ورکشاپس کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا






