کوئٹہ(آوازٹائمز)نیشنل پارٹی تحصیل سریاب کے سینئر ارکان اور بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کا مشترکہ اجلاس نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر جان محمد بلیدی کی صدارت میں سریاب کوئٹہ کے پارٹی آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مرکزی نائب صدر ڈاکٹر اسحاق بلوچ، پارٹی رہنما خیر بخش بلوچ، انتخابی حلقہ پی بی46 کے امیدواران، صوبائی کسان سیکریٹری حاجی فاروق شاہوانی، یونس بلوچ، ملک نصیر شاہوانی، چیئرمین اسلم بلوچ اور دیگر سینئر رہنماں نے شرکت کی۔اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کی تیاری، پارٹی کو نچلے سطح تک منظم کرنے کے لیے تجاویز اور حکمت عملی پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر جان محمد بلیدی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات نہ صرف پارٹی کے لیے اہمیت کے حامل ہیں بلکہ یہ پارٹی کو مضبوط اور منظم کرنے کا بھی موقع ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی ایک عوامی پارٹی ہے اور ہمیشہ اصولوں کی سیاست کرتی رہی ہے۔ اس وقت پارٹی تمام یونین کونسلوں پر انتخابات لڑنے کا پلان کرچکی ہے اور ہر وارڈ میں پارٹی کے امیدوار موجود ہیں۔ سینیٹر بلیدی نے ارکان کو مشورہ دیا کہ وہ امیدواروں کی کامیابی کے لیے بھرپور سیاسی اور انتخابی مہم چلائیں، گھر گھر جائیں، دیگر سیاسی جماعتوں اور رہنماں سے رابطے رکھیں اور الیکشن ایڈجسٹمنٹ کے لیے راستے ہموار کریں تاکہ پارٹی کو بہترین نتائج حاصل ہوں






