کوئٹہ میں مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کا ہزارہ ٹان میں بڑا اجتماع، تاجروں کے مسائل کے حل کی یقین دہانی

کوئٹہ(آوازٹائمز)مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری نے کہا ہے کہ تاجر برادری کے حقوق کا تحفظ تنظیم کی اولین ترجیح ہے اور صوبے بھر کے تاجروں کو متحد کرکے ان کے مسائل کا مستقل حل نکالا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں تاجروں کے نام پر چند گروہوں نے ذاتی و سیاسی مفادات کو ترجیح دے کر تاجر برادری کو مایوس کیا، مگر اب یہ رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہزارہ ٹان کی مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کے دورے کے دوران تاجروں کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سپریم کونسل کے رکن الیاس علی، منظور حسین، سلیمان علی اور دیگر سینئر اراکین بھی موجود تھے جنہوں نے دکانوں کا دورہ کرکے تاجروں کے انفرادی و اجتماعی مسائل سنے۔کاشف حیدری نے کہا کہ مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان صوبے کے تاجروں کی واحد اور حقیقی ترجمان ہے اور یہ تنظیم ہر قسم کی سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سہولیات کے فقدان، بے جا ٹیکسوں، مہنگائی اور انتظامیہ کی ہراسانی نے کاروبار تباہ کر دیا ہے، جبکہ تاجر ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوں۔ کاشف حیدری نے یقین دہانی کرائی کہ ہزارہ ٹان سمیت کوئٹہ کے تاجروں کے سیکیورٹی، صفائی اور بلدیاتی مسائل کے حل کے لیے متعلقہ محکموں سے فوری رابطہ کیا جائے گا۔ آخر میں انہوں نے تنظیم پر اعتماد کرنے پر تاجروں کا شکریہ ادا کیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں