کوئٹہ(آوازٹائمز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان کے ضلع قلات میں پاک سکیورٹی فورسز نے ایک بڑے اور انتہائی اہم خفیہ آپریشن کے دوران بھارت کی پشت پناہی میں سرگرم دہشتگرد نیٹ ورک کا مکمل خاتمہ کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 6 دسمبر کو کی گئی اس کارروائی میں دہشتگردوں کے مضبوط ٹھکانے کو درست نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 12 بھارتی سرپرستی یافتہ دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔ترجمان کے مطابق ہلاک دہشتگرد گزشتہ کئی ماہ سے علاقے میں تخریب کاری، حملوں اور امن دشمن سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ آپریشن کے بعد مقام سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، جس سے ان کے نیٹ ورک کی وسعت اور مذموم منصوبوں کا اندازہ ہوتا ہے۔آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن مسلسل جاری ہے تاکہ کسی بھی روپوش دہشتگرد یا معاون کو گرفتار یا ہلاک کیا جا سکے۔ ترجمان نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی، اور پاکستان دشمن عناصر کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا






