وزیر اعظم کی ہدایت پر مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر کی سیاسی کمیٹی کا اہم اجلاس

اسلام آباد(آوازٹائمز)اسلام آباد میں وزیراعظم کی ہدایت پر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی سیاسی کمیٹی کا ایک اہم اجلاس کشمیر کونسل میں منعقد ہوا، جس میں پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے شرکت کی۔ اجلاس میں آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال، عوامی مسائل، پارٹی کے تنظیمی امور اور آئندہ انتخابی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس کی صدارت چیئرمین سیاسی کمیٹی سینیٹر رانا ثناء اللہ شاہ اور وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کی۔ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے قائد حزبِ اختلاف و صدر شاہ غلام قادر کی قیادت میں سینئر پارٹی رہنما بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ شرکاء میں سیکرٹری جنرل چوہدری طارق فاروق، سینئر نائب صدر مشتاق احمد منہاس، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، سیکرٹری اطلاعات افتخار گیلانی, اور اہم رہنما نجیب نقی، عبدالرحمان آرائیں سمیت دیگر شخصیات شامل تھیں۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزاد کشمیر میں نئے الیکشن کمیشن کی تقرری کے معاملے پر مشاورت کی گئی اور آئندہ سیاسی منظرنامے کے حوالے سے پارٹی کی جامع حکمت عملی پر غور ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ انتخابات کے لیے پارٹی کی تنظیمی مضبوطی، فعال عوامی رابطہ مہم اور قیادت کے کردار کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مربوط اقدامات کیے جائیں گے۔شرکاء نے آزاد کشمیر میں پارٹی کی موجودہ پوزیشن کا تفصیلی جائزہ لیا اور آئندہ انتخابات میں مؤثر اور مضبوط کردار کے لیے عملی تجاویز پر اتفاق کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قیادت نے عوامی توقعات کے مطابق بہتر حکمت عملی تشکیل دینے اور فعال سیاسی کردار ادا کرنے کا عزم بھی کیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں