بلوچستان کے نوجوان بے پناہ قابلیت رکھتے ہیں،راحت نسیم احمد خان

کوئٹہ(آوازٹائمز)یونیورسٹی آف بلوچستان میں ایک اہم اور تاریخی تقریب اس وقت منعقد ہوئی جب کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان نے جامعہ کے اساتذہ اور طلبا کے ساتھ خصوصی نشست کی۔ اس ملاقات میں بلوچستان کی مجموعی صورتحال، صوبے کی ترقی کے امکانات، امن و امان کی بہتری، نوجوانوں کے کردار اور مستقبل کے چیلنجز کے حوالے سے نہایت جامع اور کھلے انداز میں گفتگو کی گئی۔نشست کے دوران طلبا نے کور کمانڈر بلوچستان سے مختلف اہم موضوعات جیسے تعلیم، روزگار، امن و امان، نوجوانوں کی قومی ذمہ داریاں اور ریاستی سطح پر جاری ترقیاتی اقدامات سے متعلق سوالات کیے جن کے مدلل، واضح اور تسلی بخش جوابات دیے گئے۔ کور کمانڈر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ بلوچستان کی ترقی، پاکستان کی مضبوطی اور معاشرتی استحکام براہِ راست نوجوانوں کی مثبت سوچ، محنت اور نظم و ضبط سے جڑا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان بے پناہ قابلیت رکھتے ہیں اور پاک فوج سمیت ریاستی ادارے ان کی تعلیم، ہنرمندی اور روشن مستقبل کے لیے ہر ممکن مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے مختلف پروگرامز، کیرئیر گائیڈنس سیشنز، اسکلز ٹریننگ اور ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، جو خطے کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔اساتذہ نے بھی اس نشست کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ کور کمانڈر بلوچستان کی جانب سے نوجوانوں کی رہنمائی اور تعلیمی ماحول میں براہِ راست رابطے سے اعتماد اور ہم آہنگی میں اضافہ ہوتا ہے۔طلبا نے کہا کہ ایسی نشستیں نہ صرف ان کے لیے حوصلہ افزا ہیں بلکہ ان کے ذہنوں میں پیدا ہونے والے سوالات کے براہِ راست جوابات انہیں نئے اعتماد، نئی سوچ اور نئی سمت دیتی ہیں۔ طلبا نے پاک فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں سے رابطے کا یہ سلسلہ مستقبل کے لیے مثبت اثرات مرتب کرے گا۔نشست کے اختتام پر طلبا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ تعلیم، محنت، نظم و ضبط اور مثبت کردار کے ساتھ نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کریں گے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں