حب(آوازٹائمز)کراچی میں ایرانی ڈیزل کی سپلائی کے ایک منظم نیٹ ورک کا انکشاف ہوا ہے، جس میں بلوچستان کے علاقے بند مراد کو مرکزی روٹ کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق بند مراد میں قائم درجنوں غیرقانونی نوزل ڈپوں سے ایرانی ڈیزل ٹرالروں، ٹرکوں اور ڈمپروں میں بنے خفیہ ٹینکوں کے ذریعے کراچی منتقل کیا جاتا ہے۔ذرائع کے مطابق بند مراد سے ڈیزل سڑک کے راستے منگھوپیر چوکی تک پہنچتا ہے، جہاں سے ناردرن بائی پاس اور گلشنِ معمار تک فروخت کیا جاتا ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ منگھوپیر کی ہمدرد چوکی کی سرپرستی میں یہ غیرقانونی کاروبار جاری ہے، اور اس پورے نیٹ ورک کی ذمہ داری چوکی انچارج چنگیز اور آصف نامی شخص کے پاس ہے۔ منگھوپیر روڈ پختون آباد کے ماربل گودام میں بھی ایرانی ڈیزل کا خفیہ ڈپو قائم ہے، جہاں بغیر نمبر پلیٹ والے مزدا ٹرکوں کے ذریعے ڈیزل سپلائی کیا جاتا ہے۔حالانکہ بند مراد اور ناردرن بائی پاس پر کسٹمز اور دیگر اداروں کی چیک پوسٹیں قائم ہیں، لیکن ایرانی ڈیزل کی سپلائی بلا روک ٹوک جاری ہے، جس پر متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں






