بھاگ (آوازٹائمز)بھاگ شہر و گردونواح میں ماحولیاتی آلودگی اور خشک موسم کے باعث مٹی، دھول اور فضائی آلودگی میں بے تحاشہ اضافہ ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں شہری سانس کی بیماریوں، دمہ، گلہ آشوب، چشم نزلہ، زکام، کھانسی، ملیریا اور دیگر امراض کا شکار ہو رہے ہیں۔سرد موسم اور مچھروں کی زیادتی سے چھوٹے بچے ملیریا، کھانسی اور نمونیا کے خطرے میں ہیں۔ بھاگ شہر کی اہم شاہراہوں، تحصیل روڈ اور مین بازار روڈ کی ٹوٹ پھوٹ کے باعث گردوغبار نے عوام کی زندگی مزید اجیرن کر دی ہے۔میونسپل کمیٹی کے عملے کو شہر کی اہم شاہراہوں اور عوامی مقامات پر پانی کے چھڑکا کی ہدایات دی گئی تھیں، مگر اس پر خاطر خواہ عمل نہیں ہوا۔ جبکہ ملیریا کنٹرول اتھارٹی کی ناقص کارکردگی کے سبب مچھروں کی زیادتی شہریوں کے لیے سنگین مسئلہ بن گئی ہے۔عوامی حلقوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شہری علاقوں خصوصا اہم شاہراہوں پر فوری پانی کے چھڑکا اور مچھروں کے خاتمے کے اقدامات کیے جائیں تاکہ مٹی دھول اور مچھروں سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے بچا جا سکے۔ شہریوں نے انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ اس مسئلے پر ہنگامی بنیادوں پر کاروائی کرے اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنائے






