کوئٹہ(آوازٹائمز)رکن بلوچستان اسمبلی حلقہ پی بی 44 اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما میر عبید گورگیج نے کوئٹہ میں خواتین کے لیے پنک بس سروس کے باقاعدہ آغاز پر گہری مسرت اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے صوبے میں عوامی ٹرانسپورٹ کی بہتری اور خواتین کی سہولت کے لیے نہایت اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ میر عبید گورگیج نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق کوئٹہ میں پبلک ٹرانسپورٹ کے دیرینہ مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے پیپلز بس سروس کا آغاز کیا، جو خصوصا خواتین کے لیے ایک قابلِ تحسین اور عملی قدم ہے۔ انہوں نے وزیر اعلی بلوچستان کا تہِ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف سفری نظام کو جدید خطوط پر استوار کرے گا بلکہ خواتین کے لیے محفوظ، آرام دہ اور معیاری سفر کو ممکن بنائے گا۔ انہوں نے کہا۔ کہ ابتدائی طور پر خواتین کے لیے مخصوص 5 پنک بسوں کی شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت صوبے میں خواتین کے لیے خصوصی سفری سہولیات کو ترجیح دے رہی ہے۔ ان بسوں کی بدولت روزانہ سفر کرنے والی خواتین، طالبات اور مختلف اداروں میں کام کرنے والی ورکرز کو سہولت اور تحفظ میسر آئے گا، جب کہ اس اقدام سے خواتین کے اعتماد میں اضافہ ہوگا اور انہیں شہر کے مختلف علاقوں تک بہتر اور آسان رسائی حاصل ہو سکے گی۔ میر عبید گورگیج نے کہا کہ یہ اقدام بلوچستان میں خواتین کی ترقی، فلاح اور بااختیاری کے لیے اٹھایا گیا ایک اہم قدم ہے، جو اس امر کا واضح اظہار ہے کہ صوبائی حکومت خواتین کے حقوق، سہولیات اور تحفظ کے حوالے سے سنجیدہ اور عملی اقدامات کرتی آ رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں اس سروس میں مزید اضافہ کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین اس سہولت سے مستفید ہو سکیں






