حکومتِ بلوچستان اور پاک فوج کے اشتراک سے صوبہ بھر میں ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد کا آغازکردیا

کوئٹہ(آوازٹائمز)حکومتِ بلوچستان نے سول انتظامیہ، پاک فوج اور ایف سی بلوچستان کے باہمی اشتراک سے صوبہ بھر میں ترقیاتی پروگرام پر باقاعدہ عملدرآمد کا آغاز کر دیا ہے۔ بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو(بی ایس ڈی آئی)کے تحت صوبے کے مختلف اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے، جس کا مقصد عوامی ضروریات کے مطابق بنیادی سہولیات کی فراہمی اور دیرینہ مسائل کا حل ہے۔حکام کے مطابق بی ایس ڈی آئی کے تحت ضلعی کمیٹیوں کے ذریعے عوامی ضروریات کے مطابق تاخیر کا شکار منصوبوں کی بروقت نشاندہی، منظوری اور عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اس پروگرام کے تحت بلوچستان کے 35 اضلاع میں مجموعی طور پر 969 ترقیاتی منصوبے شامل کیے جا چکے ہیں۔ایف سی بلوچستان نارتھ کے اضلاع میں 8 ہزار 705 ملین روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبے زیرِ تکمیل ہیں۔ ان اضلاع میں اب تک 44 منصوبے مکمل ہو چکے ہیں، 75 منصوبوں کے ورک آرڈر جاری کر دیے گئے ہیں جبکہ 90 منصوبے تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہیں۔وزیراعلی بلوچستان اور کور کمانڈر کوئٹہ نے ترقیاتی پروگرام کے دونوں مراحل کے تمام منصوبے 30 مئی 2026 تک مکمل کرنے کی واضح ہدایات جاری کر دی ہیں۔ منصوبوں کے معیار، شفافیت اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے پراجیکٹ امپلیمنٹیشن یونٹ کے ذریعے مثر نگرانی کا نظام قائم کیا گیا ہے۔بی ایس ڈی آئی کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر مقامی عوام نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سول انتظامیہ، پاک فوج اور ایف سی بلوچستان کی کوششوں کو سراہا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ اداروں کے باہمی اشتراک سے ترقیاتی عمل کو نئی جہت ملی ہے اور دور دراز علاقوں میں بھی ترقی کے ثمرات پہنچنا شروع ہو گئے ہیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں