منشیات فروش کے سہولت کار لورالائی پولیس کانسٹیبل کے خلاف ایف آئی آر درج، ڈی آئی جی لورالائی کا سخت ایکشن

لورالائی (آوازٹائمز)ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس لورالائی رینج جنید احمد شیخ نے منشیات کے ایک سنگین مقدمے میں مطلوب ملزم کو پولیس گرفتاری سے بچانے اور تفتیش میں مداخلت کرنے پر لورالائی پولیس کے اہلکار کانسٹیبل حمیداللہ کے خلاف ایف آئی آر درج کرا دی ہے، جبکہ مذکورہ اہلکار کو فوری طور پر ملازمت سے برطرف بھی کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کانسٹیبل حمیداللہ پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے لورالائی کے مشہور منشیات فروش داود اوتمانخیل کو پولیس کی گرفتاری سے بچانے کی کوشش کی۔ واقعے کا علم ہونے پر ڈی آئی جی لورالائی جنید احمد شیخ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی اور اہلکار کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے ساتھ ساتھ اسے محکمہ پولیس سے برخاست کرنے کے احکامات جاری کیے۔اس موقع پر ڈی آئی جی لورالائی نے واضح اور دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ پولیس محکمے میں منشیات فروشوں کے سہولت کاروں، بدعنوان عناصر اور قانون سے غداری کرنے والوں کے لیے کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات ایک ناسور ہے اور اس کے خاتمے کے لیے پولیس ہر سطح پر بلاامتیاز کارروائی کر رہی ہے۔ڈی آئی جی لورالائی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ منشیات کے خلاف جاری کارروائیوں میں شفافیت، قانون کی بالادستی اور سخت احتساب کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، اور جو بھی اہلکار قانون شکنی میں ملوث پایا گیا، اس کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں