اوتھل میں کارروائی، سرگودھا سے اغوا کی گئی لڑکی بازیاب، ملزم گرفتار

اوتھل (آوازٹائمز)پنجاب کے ضلع سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن تھانہ کی حدود سے اغوا کی گئی لڑکی کو بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کی پولیس نے اوتھل میں کامیاب کارروائی کے دوران بازیاب کرالیا جبکہ اغوا میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔لسبیلہ پولیس کے ترجمان کے مطابق ضلع پولیس سربراہ عاطف امیر کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی خصوصی ہدایت پر تھانہ اوتھل کے انچارج یار محمد کمانڈو نے مخبرِ خاص کی اطلاع پر پولیس ٹیم کے ہمراہ مین ساحلی شاہراہ پر زیرو پوائنٹ چیک پوسٹ کے قریب کامیاب کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران اغوا کار اظہر اقبال ولد بشیر احمد سکنہ تحصیل کوٹ مومن ضلع سرگودھا کو گرفتار کر لیا گیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم تھانہ کوٹ مومن ضلع سرگودھا میں درج مقدمہ نمبر 1665/2025 بجرم اغوا میں مطلوب تھا۔ اوتھل پولیس نے مغویہ لڑکی کو ملزم کے قبضے سے بحفاظت بازیاب کر لیا۔لسبیلہ پولیس نے ملزم کی گرفتاری اور مغویہ کی بازیابی سے متعلق تھانہ کوٹ مومن ضلع سرگودھا پولیس کو اطلاع دے دی ہے، جہاں ملزم اور مغویہ کو ضابطے کے مطابق پنجاب پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔ضلع پولیس سربراہ عاطف امیر نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم اور بالخصوص تھانہ اوتھل کے انچارج یار محمد کمانڈو کو شاباش دی اور ہدایت کی کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اسی عزم کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھی جائیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں