کوئٹہ(آوازٹائمز)بلوچستان میں ایک روزہ معطلی کے بعد ٹرین سروس بحال کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس اپنے مقررہ وقت پر روانہ ہو گئی جبکہ کوئٹہ سے چمن جانے والی چمن پیسنجر ٹرین بھی طے شدہ شیڈول کے مطابق روانہ ہوئی۔ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ناگزیر وجوہات کی بنا پر جعفر ایکسپریس اور چمن پیسنجر کو گزشتہ روز معطل کیا گیا تھا، تاہم حالات میں بہتری آنے کے بعد آج دونوں ٹرینوں کی آمد و رفت بحال کر دی گئی ہے۔ٹرین سروس کی بحالی پر مسافروں نے اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ریلوے انتظامیہ کے مطابق مسافروں کو محفوظ، بااعتماد اور بروقت سفری سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں






