میاں محمد شہباز شریف کسان دوست وژن رکھتے ہیں،جمال شاہ کاکڑ

کوئٹہ(آوازٹائمز)پاکستان مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے عالمی یومِ کسان کے موقع پر اپنے ایک اخباری بیان میں کسانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسان ملکی معیشت کی بنیاد اور غذائی خودکفالت کے ضامن ہیں۔ بلوچستان جیسے زرعی صوبے میں کسانوں کی محنت اور قربانیاں قابلِ ستائش ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کسان دوست وژن رکھتے ہیں اور انہی کی قیادت میں بلوچستان کے زرعی شعبے کو درپیش توانائی کے مسائل کے حل کے لیے زراعت کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا تاریخی منصوبہ دیا گیا۔ اس منصوبے کے تحت وفاقی حکومت کی جانب سے 40 ارب روپے فراہم کیے گئے جبکہ باقی رقم بلوچستان حکومت نے ادا کی، جس سے کسانوں کو سستی اور قابلِ اعتماد توانائی میسر آئے گی۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ سولرائزیشن منصوبے سے زرعی ٹیوب ویلوں پر آنے والے اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی، پانی کی بہتر دستیابی ممکن ہوگی اور کاشتکاروں کی پیداواری لاگت کم ہونے سے زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ اس اقدام سے نہ صرف کسانوں کا معاشی بوجھ کم ہوگا بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی کمی آئے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ، معیاری بیجوں کی فراہمی، کسانوں کو آسان قرضوں، فصلوں کی بیمہ اسکیموں اور زرعی مارکیٹنگ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کر رہی ہیں تاکہ کسان خوشحال اور زراعت مستحکم ہو۔پاکستان مسلم لیگ(ن)بلوچستان کے جنرل سیکرٹری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسانوں کے حقوق کا تحفظ، ان کے مسائل کا حل اور زراعت کی پائیدار ترقی پارٹی کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے عالمی یومِ کسان کے موقع پر تمام کاشتکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کسان کی خوشحالی ہی پاکستان کی خوشحالی ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں