کوہلو (آوازٹائمز)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق صوبائی وزیر میر نصیب اللہ خان مری نے کہا ہے کہ بھارت میں ایک مسلمان خاتون کے ساتھ پیش آنے والا افسوسناک واقعہ دنیا کے سامنے بھارت کے اصل چہرے کو بے نقاب کرتا ہے، جہاں اقلیتوں کو مسلسل تعصب، نفرت اور جبر کا سامنا ہے۔میر نصیب اللہ خان مری نے کہا کہ بھارت اقلیتوں، خصوصا مسلمانوں کے لیے غیر محفوظ ملک بن چکا ہے اور وہاں مذہبی آزادی و انسانی وقار کی مسلسل خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ بھارت میں انتہا پسندی کو ریاستی سرپرستی حاصل ہے، جو خطے کے امن اور عالمی انسانی اقدار کے لیے خطرہ ہے۔سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ بھارت خود کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہتا ہے، مگر عملی طور پر وہاں اقلیتوں کے بنیادی حقوق سلب کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ بھارت میں اقلیتوں کے خلاف جاری مظالم کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے اور مذہبی آزادی، انسانی وقار اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں






