دبئی(آوازٹائمز)متحدہ عرب امارات میں جمعے کے روز کئی ماہ کی شدید ترین بارش نے بڑے شہروں میں سیلابی صورتحال پیدا کر دی، جس کے باعث فضائی اور زمینی آمدورفت بری طرح متاثر ہوئی۔دبئی کی قومی ایئرلائن ایمریٹس نے 13 پروازیں منسوخ کر دیں، جبکہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور قریبی شارجہ ایئرپورٹ پر درجنوں پروازیں تاخیر یا منسوخی کا شکار ہوئیں۔ رات بھر ہونے والی موسلا دھار بارش کے دوران تیز بجلی اور گرج چمک نے شہریوں کو نیند سے بیدار کر دیا۔شارجہ میں مرکزی شاہراہ مکمل طور پر زیرِ آب آ گئی، جہاں رہائشی ننگے پاؤں پانی میں چلتے دکھائی دیے۔ ایک شخص کو سائیکل پر پانی میں سے گزرتے بھی دیکھا گیا، جہاں پانی اس کی سائیکل کے پہیوں کی اونچائی تک پہنچ چکا تھا۔۔بارش سے قبل جمعرات کو دبئی پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ ”انتہائی ضرورت“ کے بغیر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ جمعے کی صبح دبئی میں سڑکوں پر جمع پانی اور رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے واٹر پمپنگ ٹرک تعینات کر دیے گئے۔دبئی ایئرپورٹس کی ویب سائٹ کے مطابق جمعے کے روز درجنوں پروازیں متاثر ہوئیں، جبکہ ترجمان نے تصدیق کی کہ خراب موسم کے باعث بعض پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئیں۔نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی نے پہلے ہی جمعرات سے جمعے تک ملک بھر میں بارش کی پیش گوئی کی تھی، جس میں دبئی اور دارالحکومت ابوظہبی بھی شامل تھے۔شدید بارشوں کے اثرات دیگر خلیجی ممالک میں بھی دیکھے گئے۔ قطر میں عرب کپ فٹبال ٹورنامنٹ میں سعودی عرب اور یو اے ای کے درمیان تیسری پوزیشن کے لیے ہونے والا میچ جمعرات کو منسوخ کر دیا گیا






