نیو جرسی(آوازٹائمز)براڈوے کی معروف اداکارہ امانی ڈایا اسمتھ، جو اسٹیج پر پیش کی جانے والی فلم دی لائن کنگ میں ینگ نالا کے کردار سے شہرت رکھتی تھیں، اتوار 21 دسمبر کو نیو جرسی میں اپنے رہائشی مکان پر چاقو کے وار سے ہلاک ہو گئیں۔ ان کی عمر 25 برس تھی۔مڈل سیکس کاؤنٹی پراسیکیوٹر آفس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق، اتوار کی صبح 9 بج کر 18 منٹ پر گروو ایونیو پر واقع ایک رہائش گاہ میں چاقو سے حملے کی اطلاع پر 911 کال موصول ہوئی۔پولیس موقع پر پہنچی تو امانی اسمتھ کو شدید زخمی حالت میں پایا گیا۔ انہیں فوری طور پر رابرٹ وْڈ جانسن یونیورسٹی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔پولیس نے مقتولہ کے 35 سالہ بوائے فرینڈ جارڈن ڈی جیکسن-اسمال کو گرفتار کرلیا ہے۔ پراسیکیوٹر آفس کے مطابق امانی اسمتھ اور جارڈن ایک دوسرے کو پہلے سے جانتے تھے، اس لیے یہ واقعہ کسی اتفاقی تشدد کا نتیجہ نہیں تھا۔ابتدائی تفتیش کے بعد جارڈن جیکسن-اسمال کو بغیر کسی مزاحمت کے گرفتار کیا گیا۔ ان پر فرسٹ ڈگری قتل، سیکنڈ ڈگری بچے کی فلاح کو خطرے میں ڈالنے، تھرڈ ڈگری غیر قانونی مقصد کے لیے ہتھیار رکھنے اور فورتھ ڈگری غیر قانونی طور پر ہتھیار رکھنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں






