اسلام آباد(آوازٹائمز)وفاقی تحقیقاتی ادارہ(ایف آئی اے)امیگریشن نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرکارروائی کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات پر بیرونِ ملک جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔جمعہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق امیگریشن حکام نے بتایاکہ جعلی ورک ویزوں پر سفر کرنے والے چار مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیا۔ آف لوڈ کیے گئے مسافروں میں محمد عمران، میاں توصیف، سلطان افضل اور عبدالرحمان شامل ہیں۔مسافر فلائٹ نمبر CZ8070 کے ذریعے ورک ویزے پر نیوزی لینڈ جا رہے تھے۔ابتدائی جانچ پڑتال کے دوران مسافروں کی جانب سے پیش کیے گئے ورک ویزے جعلی پائے گئے۔مزید تفتیش میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ مسافروں کے پاسپورٹس پر راولپنڈی، ایبٹ آباد اور پشاور دفاتر کی پروٹیکٹرسٹیمپس لگی ہوئی تھیں۔ مسافروں کا تعلق اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور سے بتایا گیا ہے۔بعد ازاں مسافروں کو مزید قانونی کارروائی اور ملوث ایجنٹس کی نشاندہی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق انسانی سمگلنگ اور جعلی دستاویزات کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی، جبکہ عوام کو متنبہ کیا گیا ہے کہ بیرونِ ملک ملازمت کے لیے صرف مستند ذرائع اور قانونی طریقہ کار اختیار کریں






