سردار ایاز صادق کا دہشتگردوں کیخلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

ااسلام آباد(آوازٹائمز)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بلوچستان کے ضلع کوہلو میں بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے جن کا تعلق بھارتی پراکسی ”فتنہ الہندوستان“سے تھا۔ اسپیکر نے سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہا، جس کے ذریعے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا گیا۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس آپریشن سے نہ صرف دہشت گردوں کا صفایا کیا گیا بلکہ یہ ثابت ہوگیا کہ ہماری فورسز کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف فورسز کی یہ کارروائیاں ملک کے امن کے لیے انتہائی اہم ہیں۔اسپیکر ایاز صادق نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں کے تسلسل پر زور دیا اور کہا کہ عزمِ استحکام کے وژن کے تحت دہشت گردوں کا خاتمہ کرنے تک ہماری کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک دشمن عناصر کے ذریعے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ناگزیر ہے اور اس کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔اسپیکر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ہم سب کا عزم ہے کہ پاکستان سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور اس مقصد کے لیے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے اور اس کا مکمل صفایا کیا جائے گا۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے ہر شہری کی حمایت سے سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے تمام نیٹ ورک کو بے اثر کرنے میں کامیاب ہوں گی، اور ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جائے گا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں