سبی(آوازٹائمز)کمشنر سبی ڈویژن کے دفتر میں ڈویژن بھر سے حالیہ بھرتی ہونے والے جونیئر کلرکس، اکانٹنٹس, کیشئر، ڈیٹا انٹری آپریٹرز، اسسٹنٹ کمپیوٹر آپریٹرز، درجہ چہارم اور دیگر نئے ملازمین نے سبی پریس کلب میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر منظم انداز میں ان کے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانا اور انہیں ہراساں کرنا ہے،نئے بھرتی ہونے والے ملازمین کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی اس منفی مہم کی وجہ سے وہ شدید ذہنی دبا اور اضطراب کا شکار ہو چکے ہیں، جس کے باعث ان کی ذہنی صحت متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمل نہ صرف غیر اخلاقی ہے بلکہ نوجوانوں کے مستقبل سے کھیلنے کے مترادف ہے،پریس بریفنگ کے دوران ملازمین نے واضح کیا کہ ان کی بھرتیاں مکمل طور پر پراپر چینل کے ذریعے عمل میں لائی گئیں، جن کے لیے باقاعدہ تحریری ٹیسٹ لیے گئے اور انٹرویوز منعقد ہوئے، جبکہ تمام قانونی اور انتظامی تقاضے شفاف طریقے سے مکمل کیے گئے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ان میں سے متعدد امیدوار ایسے بھی ہیں جو بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے امتحانات کامیابی سے پاس کر چکے ہیں، جو ان کی اہلیت اور قابلیت کا واضح ثبوت ہے۔ ملازمین نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ وہ کسی سفارش یا دبا کے بغیر مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر منتخب ہوئے ہیں،نئے ملازمین کا کہنا تھا کہ میرٹ پر ہونے والی ان بھرتیوں کے نتیجے میں نوجوانوں کو باعزت روزگار ملا ہے، جس سے نہ صرف ان کے گھروں میں خوشحالی آئے گی بلکہ بے روزگاری میں بھی نمایاں کمی واقع ہوگی۔انہوں نے وزیراعلی بلوچستان جناب سرفراز خان بگٹی اور کمشنر سبی ڈویژن اسد اللہ فیض کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں شخصیات نے شفاف نظام کو فروغ دیتے ہوئے میرٹ کو یقینی بنایا، جس پر وہ دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہیں۔آخر میں نئے بھرتی ہونے والے ملازمین نے کہا کہ وہ حکومت بلوچستان کے وژن کے مطابق ایمانداری، محنت اور ذمہ داری کے ساتھ اپنی سرکاری خدمات انجام دیں گے اور عوامی خدمت کو اپنا اولین فریضہ سمجھتے ہیں






