کوئٹہ(آوازٹائمز)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کوئٹہ شہر میں غریب تھڑوں اور کیبن لگانے والے محنت کش افراد کو ہراساں کرنے اور ان کا سامان ضبط کرنے جیسے عوام دشمن اقدامات کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ بالخصوص عبدالستار روڈ، جسے واکنگ اسٹریٹ قرار دیا گیا ہے، وہاں بھی دیوار کے ساتھ لگے ہوئے کیبنوں کے مالکان کو ناجائز اور بلا جواز تنگ کیا جا رہا ہے، حالانکہ وہ نہ تو آمد و رفت میں رکاوٹ بن رہے ہیں اور نہ ہی کسی قسم کی بدامنی کا سبب ہیں۔ ان غریب افراد کو مسلسل تنگ کرنے کے باعث وہ شدید معاشی دبا کا شکار ہیں اور اپنے اہلِ خانہ کے لیے نانِ شبینہ فراہم کرنے میں بھی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ لیاقت بازار میں بھی ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے تھڑوں اور کیبن لگانے والے افراد کو مسلسل نشانہ بنا رہے ہیں، جو کہ موجودہ بے روزگاری کے سنگین دور میں ان محنت کشوں کے ساتھ کھلی زیادتی کے مترادف ہے۔ ان تھڑوں اور کیبنوں سے سینکڑوں خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے اور ہزاروں افراد کی معاشی زندگی براہِ راست متاثر ہو رہی ہے۔ پریس ریلیز میں حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ غریب تھڑوں اور کیبن لگانے والوں کو بلا جواز تنگ کرنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کریں، ان کا ضبط شدہ سامان واپس کیا جائے اور انہیں باعزت طریقے سے روزگار کمانے کا حق دیا جائے۔ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر یہ عوام دشمن اقدامات بند نہ کیے گئے تو پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی غریب عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر بھرپور احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے






