کوئٹہ(آوازٹائمز)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے ضلعی صدر ڈاکٹر نور احمد شاہ خجک نے ہرنائی سبی ریلوے ٹرین کی ایک سال سے مسلسل بندش پر شدید تشویش اور غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام عوام دشمن پالیسیوں اور ریاستی نااہلی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹرین عوام کے لیے محض سفری سہولت نہیں بلکہ روزگار، تعلیم، علاج اور باہمی روابط کا واحد اور سستا ذریعہ تھی، جس کی بندش نے ہزاروں غریب اور متوسط طبقے کے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ڈاکٹر نور احمد شاہ خجک نے مطالبہ کیا کہ ہرنائیسبی ریلوے ٹرین کو فوری طور پر بحال کیا جائے، بصورت دیگر پشتونخوا ملی عوامی پارٹی عوام کے ہمراہ احتجاجی تحریک چلانے کا حق محفوظ رکھتی ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔اسی دوران کوئٹہ میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سابق مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرزاق خان دوتانی کی 38ویں برسی پر تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا، جس میں صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان کی زیر صدارت قراردادیں پیش کی گئیں اور منظور کی گئیں۔ قراردادوں میں 8 جنوری 2026 کو تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور کارکنوں پر حملے، 26ویں و 27ویں آئینی ترامیم، پیکا ایکٹ، مائنز اینڈ منرلز ایکٹ اور دیگر غیر آئینی اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ریفرنس میں بجلی و گیس کی قلت، بدامنی، لوڈشیڈنگ، بیروزگاری، تجارتی مراکز پر غیر قانونی کارروائیاں، زرعی اور صنعتی پیداوار میں کمی، روایتی تجارتی راستوں کی بندش اور عوام کو درپیش دیگر مسائل کی شدید مذمت کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ عوام کے مسائل کا فوری حل یقینی بنایا جائے






