ہم اتنے سادہ بھی نہیں کہ جو راز ہے وہ آپ کو بتادیں، محمود اچکزئی

لاہور (آوازٹائمز) تحریک تحفظ آئین پاکستان کے صدر محمود خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ ہم اتنے سادہ بھی نہیں کہ جو راز ہے وہ آپ کو بتادیں، آپ سے ایک وعدہ ہے کہ پاکستان کی قیمت پر کبھی سودا نہیں کریں گے۔ لاہور پریس کلب میں خطاب کرتے ہوئے صدر تحریک تحفظ آئین پاکستان محمود خان اچکزئی نے کہا کہ وہ آئین کی بحالی کیلئے سندھ سمیت تمام صوبوں میں جائیں گے، نوازشریف اتنے ہی محب وطن ہیں جتنا کوئی اور شخص ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے لوگوں کے سامنے بڑے بحران ہیں اس وقت پورے ملک میں دس بھی ایسے آدمی نہیں جو بحران کا حل نکال سکیں۔ آٹھ فروری کو سب نے گھروں سے باہر نکلنا ہے، ہم کسی کو گالیاں دینے یا منت ترلا کرنے نہیں آئے، اجتماعی دانش کے ساتھ ملک کو بحران سے باہر نکالا جا سکتا ہے۔ اس وقت بحران بیرونی نہیں بلکہ اندرونی ہے، جعلی طریقے سے کچھ لوگوں کو بڑا بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر چھوٹے صوبے سینیٹ میں ووٹ نہ ڈالتے تو چھبیس ویں و ستائیسویں آئینی ترمیم منظور نہیں ہو سکتی تھی، سندھ سمیت تمام صوبوں میں آئین کی بحالی اور آزادیوں کے حصول کیلئے جائیں گے، نوازشریف اتنا ہی محب وطن ہے جتنا کوئی اور شخص۔ تحریک کے رہنما راجہ ناصر عباس نے کہاکہ پارلیمنٹ کو غیر موثر اور عدلیہ کو 26ویں ترمیم کے ذریعے بے اثر کر دیا گیا ہے، اس پر لوگ اپنے حقوق کیلئے خود کھڑے ہو گئے تو حالات بہت خراب ہو جائیں گے جبکہ مصطفی نوازکھوکھر کا کہنا تھاکہ موجودہ حالات سے نکلنے کیلئے صرف آئین پر عمل کرنا ہی واحد راستہ ہو گا۔ اس سے پہلے حقوق خلق پارٹی نے تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شامل ہونے کا اعلان کیا، ان کے سیکرٹری جنرل عمار علی جان کا کہنا تھا کہ 8 فروری کیلئے پنجاب کے عوام کو منظم کریں گے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں