لورالائی،لسبیلہ(آوازٹائمز)ضلع لورالائی کے علاقے میختر میں سیہنڑ پل کے قریب سانڈہ موڑ پر ایک تیز رفتار کار اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم ہوا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق مزدوری سے واپس گھر لوٹنے والے دو بھائی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے لاشیں ٹیچنگ اسپتال منتقل کیں جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔ پولیس نے کار کو تحویل میں لے لیا اور ڈرائیور سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں حادثے کی بنیادی وجہ تیز رفتاری اور غیر احتیاطی ڈرائیونگ بتائی گئی ہے۔ضلع لسبیلہ کے علاقے حب میں وندر کے قریب بریدہ کیمپ کے پاس کوئٹہ سے کراچی جانے والی مسافر کوچ اور آئل ٹینکر کے درمیان شدید تصادم ہوا۔ اس حادثے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 10 سے زائد زخمی ہوئے، جن میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر وندر سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں علاج جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی ممکنہ وجوہات تیز رفتاری، لین تبدیل کرنے کی کوشش یا دیگر عوامل ہیں۔ریسکیو اور پولیس ٹیمیں دونوں مقامات پر پہنچ کر زخمیوں کی بحفاظت منتقلی اور حادثاتی جگہ کا معائنہ کر رہی ہیں۔مقامی باشندوں اور سول سوسائٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ سانڈہ موڑ اور مجاہد پیر اسٹاپ جیسے خطرناک مقامات پر فوری اسپیڈ بریکرز، بہتر سائن بورڈز، مناسب لائٹنگ اور سخت ٹریفک کنٹرول نافذ کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام ہو سکے






