نیشنل پارٹی عوامی سیاست کی ایک مضبوط علامت بن چکی ہے،ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

کوئٹہ(آوازٹائمز)نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کوئٹہ میں ایک شمولیتی پروگرام نیشنل پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی سربراہی میں انعقاد ہوا، جس میں ضلع کوہلو سے تعلق رکھنے والے میر عرض بلوچ، یاسین بلوچ، اور صالح بلوچ نے باضابطہ طور پر نیشنل پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر پارٹی کارکنان، عہدیداران اور مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے سیاسی رہنماں کی بڑی تعداد موجود تھی، جس سے یہ ثابت ہوا کہ نیشنل پارٹی عوامی سیاست کی ایک مضبوط علامت بن چکی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر، سابق وزیر اعلی بلوچستان اور قومی سطح کے ممتاز جمہوری رہنما ڈاکٹر مالک بلوچ نے نئے شامل ہونے والے ساتھیوں کو نیشنل پارٹی کے پلیٹ فارم پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ نیشنل پارٹی ہمیشہ سے مظلوم، محروم اور پسے ہوئے طبقات کی آواز رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی ایک عوام دوست، انسان دوست اور جمہوریت پر یقین رکھنے والی جماعت ہے، جس نے ہر دور میں آمریت، جبر، ناانصافی اور غیر جمہوری قوتوں کے خلاف جرات مندانہ موقف اختیار کیا۔ڈاکٹر مالک بلوچ نے مزید کہا کہ نیشنل پارٹی نے ہمیشہ جمہوری اقدار کے فروغ، آئین و قانون کی بالادستی، پارلیمانی جمہوریت کے استحکام اور جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے کے لیے عملی جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل کا حل صرف جمہوری سیاست، عوامی شمولیت اور نظریاتی جدوجہد میں ہے، اور نیشنل پارٹی اسی راستے پر ثابت قدمی سے گامزن ہے۔اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میر کبیر محمد شہی نے اپنے خطاب میں نئے ساتھیوں کو نیشنل پارٹی کے قافلے میں شامل ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی بلوچستان سمیت پورے پاکستان کی ایک منظم، نظریاتی اور جمہوری سیاسی جماعت ہے جو صرف نعروں پر نہیں بلکہ عملی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی ہر فورم پر اپنے عوام کے درمیان موجود رہتی ہے، ان کے دکھ سکھ میں شریک ہوتی ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن جدوجہد کرتی ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں