کوئٹہ(آوازٹائمز)پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی سینئر نائب صدر معروف قبائلی شخصیت سید صادق آغا نے بلوچستان گرینڈ الائنس کی جاری احتجاجی تحریک کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے تمام گرفتار ملازمین کی فوری رہائی اور معطل خواتین پروفیسرز اور لیکچرز کی فی الفور بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ جعلی بگٹی حکومت ملازمین کے ساتھ ہٹ دھرمی کا رویہ اختیار کیے ہوئے ہے، اور ملازمین کیلئے پیدا کردہ حالات نے چنگیز خان کی یاد تازہ کردی ہے۔ حالانکہ گزشتہ سال ملازمین کے جائز مطالبات کو سرکاری سطح پر تسلیم کیا گیا تھا، جس کے باوجود آج تک ان پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے آئینی اور قانونی حقوق کیلئے پرامن احتجاج کرنے والے ملازمین پر طاقت کا استعمال جمہوری اقدار کے منافی ہے۔ گرفتاریوں کے دوران پولیس کی جانب سے اساتذہ کرام بالخصوص خواتین اساتذہ کے ساتھ بدسلوکی، دھکم پیل اور مبینہ مار پیٹ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور اسے نہایت افسوسناک اور شرمناک قرار دیتے ہیں۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ بدسلوکی میں ملوث پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف فوری اور شفاف کارروائی کی جائے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے واضح لائحہ عمل اختیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ معاشرے کے معمار ہوتے ہیں، ان کی تضحیک دراصل تعلیم اور سماجی ترقی کی توہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے ملازمین کے ساتھ ناروا سلوک بند نہ کیا اور تسلیم شدہ مطالبات پر عملدرآمد نہ کیا تو احتجاجی تحریک مزید شدت اختیار کر سکتی ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت وقت پر عائد ہوگی۔ پاکستان تحریک انصاف بلوچستان ہر فورم پر ملازمین کے جائز حقوق کے دفاع کیلئے آواز بلند کرتی رہے گی اور بلوچستان گرینڈ الائنس کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی






