ڈی آئی جی سبی برکت حسین کھوسہ کا کوہلو پولیس کو جدید اور عوام دوست فورس بنانے کا اعلان

کوہلو(آوازٹائمز)ڈی آئی جی سبی رینج برکت حسین کھوسہ نے کہا ہے کہ کوہلو پولیس کو ایک جدید، منظم اور پیشہ ور فورس بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، تاکہ عوام کو بہتر سیکیورٹی، انصاف اور تحفظ کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کوہلو میں پائیدار امن کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے مربوط حکمتِ عملی کے تحت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس لائن شہید محمد اسلم کوہلو کے دورے کے دوران حالیہ ضم ہونے والے پولیس اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈی آئی جی سبی نے کہا کہ سابقہ لیویز فورس کوہلو کا مورال ہمیشہ بلند رہا ہے، جسے برقرار رکھنے اور مزید بہتر بنانے کے لیے تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ سابقہ لیویز افسران اور اہلکاروں کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے علاقے کے سماجی اور قبائلی ماحول کو بہتر انداز میں سمجھیں، تاکہ عوامی اعتماد کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔ ڈی آئی جی برکت حسین کھوسہ نے کہا کہ سابقہ لیویز فورس کا ہر جوان اب پولیس فورس کا حصہ ہے اور ان کے ساتھ کسی قسم کی ناانصافی نہیں ہوگی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تمام اہلکاروں کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے اور فیصلے مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر کیے جائیں گے، تاکہ فورس میں اعتماد، ہم آہنگی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو فروغ دیا جا سکے۔ اس موقع پر ایس پی کوہلو محمد طیب اقبال اور ڈی ایس پی شیر محمد مری نے ڈی آئی جی سبی کو پولیس لائن کا تفصیلی دورہ کروایا۔ دورے کے دوران گاڑیوں، اسلحہ، رہائشی بیرکس، دفاتر اور دیگر انفراسٹرکچر سے متعلق بریفننگ دی گئی۔ ڈی آئی جی سبی نے دستیاب سہولیات اور وسائل کا جائزہ لیا اور پولیس لائن میں بہتری کے لیے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔ تقریب کے اختتام پر ڈی ایس پی شیر محمد مری کی جانب سے ڈی آئی جی سبی برکت حسین کھوسہ کو بلوچی ثقافت کی علامت بلوچی چھڑی اور ٹوپی بطور تحفہ پیش کی گئی، جسے انہوں نے خوش دلی سے قبول کرتے ہوئے اسے پولیس اور عوام کے درمیان مضبوط تعلقات اور باہمی اعتماد کی علامت قرار دیا۔ ڈی آئی جی سبی نے اس موقع پر کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کے بغیر پائیدار امن ممکن نہیں، اس لیے کوہلو پولیس کو ایک حقیقی معنوں میں عوام دوست اور جدید فورس بنایا جائے گا۔ علاوہ ازیں ڈی آئی جی سبی رینج برکت حسین کھوسہ نے ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم جان دومڑ سے ان کے دفتر میں تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں ضلع کوہلو کی مجموعی صورتحال، امن و امان، انتظامی امور اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر جامع تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کوہلو کبیر مزاری بھی موجود تھے۔ ڈی آئی جی سبی نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان باہمی رابطے اور تعاون کو مزید موثر بنانے پر زور دیا، جبکہ ڈپٹی کمشنر کوہلو نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں