دبئی(آوازٹائمز)صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ڈی پی ورلڈکے گروپ چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سلطان احمد بن سلیم نے دبئی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کے لاجسٹکس، بندرگاہی آپریشنز اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں ڈی پی ورلڈ کے کلیدی کردار اور مستقبل کی سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صدرِ مملکت نے ڈی پی ورلڈ کی پاکستان کے ساتھ دیرینہ اور مضبوط شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ حالیہ بین الحکومتی معاہدے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کو جدید لاجسٹکس انفراسٹرکچر کے ذریعے علاقائی تجارت اور ٹرانزٹ حب بنانا ہمارا قومی ہدف ہے۔ صدر نے شراکت دار اداروں کو یقین دلایا کہ حکومتِ پاکستان ادارہ جاتی سہولت کاری اور منصوبوں کی تیز تر منظوری کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ڈی پی ورلڈ کے چیئرمین سلطان احمد بن سلیم نے پاکستان کی اسٹریٹجک اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سمندری راستوں پر بڑھتے ہوئے دباؤ کے اس دور میں پاکستان کا جغرافیائی مقام نہایت اہم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین اور وسطی ایشیا کے ساتھ براہِ راست زمینی روابط اور بحیرہ عرب تک رسائی پاکستان کو بین الاقوامی تجارتی بہاؤ کے مرکز میں لاکھڑا کرتی ہے۔سلطان احمد بن سلیم نے پاکستان کو سمندر اور خشکی کے ذریعے دنیا کو جوڑنے والا ایک ”قدرتی مرکز“ قرار دیا۔ انہوں نے پاک-امارات تعلقات کو دہائیوں پر محیط قابلِ اعتماد رشتہ قرار دیتے ہوئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ صدر زرداری نے ملاقات کے اختتام پر اس طویل المدتی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے اور پاکستان میں اقتصادی خوشحالی کے لیے اسے کلیدی قرار دیا






