پاک چین اقتصادی راہداری ترقی اور خوشحالی کیلئے گیم چینجر منصوبہ ہے: گورنر پنجاب

لاہور (آوازٹائمز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے گیم چینجر منصوبہ ہے۔ پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے سی پیک میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چینی قونصل جنرل ژاؤ شیریں سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے الوداعی ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے سبکدوش ہونے والے چینی قونصل جنرل کی خدمات کو سراہا۔ چینی قونصل جنرل نے گورنر پنجاب کو پاک چین دوستی کی اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاک چین دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا سنگ بنیاد ہے جس میں پیپلز پارٹی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2008 سے 2013 تک صدر آصف علی زرداری نے پاک چین تعلقات کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا اور چین کے 14 سرکاری دورے کئے۔ انہوں نے اٹک جیسے دور افتادہ علاقے میں ڈسپنسری کے قیام میں کردار ادا کرنے پر چینی قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ چین اور ہلال احمر کے تعاون سے غریبوں کے لئے ڈسپنسری آخری مراحل میں ہے جس کا جلد افتتاح کر دیا جائے گا۔ اس موقع پر سبکدوش ہونے والے قونصل جنرل ژاؤ شیریں نے کہا کہ وہ گرمجوشی اور مہمان نوازی پر پاکستان اور پنجاب کے عوام کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے عوام بھائی چارے اور محبت کے مضبوط بندھن میں بندھے ہوئے ہیں۔ ڑاؤ شیریں نے کہا کہ پاک چین تعاون مستقبل میں بھی ہر سطح پر جاری رہے گا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں