دھاتی ڈور و غیر قانونی پتنگ بازی کیخلاف پنجاب پولیس کی زیرو ٹالرنس پالیسی

لاہور (آوازٹائمز) پنجاب پولیس دھاتی ڈور اور غیر قانونی پتنگ بازی کے خلاف لاہور سمیت صوبہ بھر میں اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بھرپور اور مؤثر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے بتایا کہ رواں سال اب تک لاہور سمیت صوبہ بھر میں انسدادِ پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 2621 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 2550 مقدمات درج کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران 1 لاکھ 86 ہزار 944 پتنگیں اور 4184 ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں کریک ڈاؤن کے دوران 1181 ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمات درج کیے گئے جبکہ 53 ہزار سے زائد پتنگیں اور 1073 ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں۔ اس کے علاوہ لاہور میں دھاتی ڈور سے بچاؤ کے لیے 1 لاکھ 38 ہزار 893 حفاظتی راڈ بھی تقسیم کیے گئے جبکہ 53 ہزار 752 افراد سے شورٹی بونڈز بھی لیے گئے۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واضح کیا ہے کہ صوبہ بھر میں کسی بھی مقام پر پتنگ بازی ہرگز قابلِ برداشت نہیں، خلاف ورزی کی صورت میں بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں بھی سخت حکومتی شرائط اور قوانین کے مطابق صرف مخصوص دنوں میں ہی بسنت کی اجازت دی گئی ہے جبکہ دھاتی ڈور اور غیر قانونی پتنگ بازی مکمل طور پر ممنوع ہے۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ دھاتی ڈور اور پتنگوں کے آن لائن کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے دور رکھیں اور انہیں غیر قانونی سرگرمیوں سے محفوظ رکھیں۔ڈاکٹر عثمان انور نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی مقام پر پتنگ بازی یا دھاتی ڈور کے استعمال کی صورت میں فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دے کر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں