بہاول پور(آوازٹائمز)بہاولپور میں دل کی بیماریوں میں خطرناک حد تک اضافے نے ماہرینِ صحت کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ بہاولپور کارڈک سنٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ دو برسوں کے دوران 4 لاکھ 10 ہزار 262 افراد مختلف قلبی امراض کے ساتھ اسپتال پہنچے، جبکہ رواں سال مریضوں کی تعداد میں 22 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق جولائی 2024 سے جون 2025 تک ایک لاکھ 84 ہزار 447 مریض بہاولپور کارڈک سنٹر میں رپورٹ ہوئے، جبکہ جولائی 2025 سے جون 2026 کے دوران یہ تعداد بڑھ کر 2 لاکھ 25 ہزار 815 تک پہنچ گئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مریضوں کی تعداد میں یہ اضافہ نہ صرف تشویشناک بلکہ صحتِ عامہ کے لیے ایک بڑا چیلنج بنتا جا رہا ہے۔کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر اسامہ کے مطابق دل کی بیماریاں اب صرف معمر افراد تک محدود نہیں رہیں بلکہ 20 سے 30 سال کی عمر کے نوجوان بھی ہارٹ اٹیک کا شکار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 50 سال سے کم عمر افراد میں قلبی امراض کی شرح میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جبکہ نوجوانوں میں ہارٹ اٹیک اور اینجیو پلاسٹی کے کیسز کی بڑھتی تعداد طبی ماہرین کے لیے باعثِ تشویش ہے۔ڈاکٹر اسامہ منیر کا کہنا ہے کہ نوجوانوں میں دل کی بیماریوں کے بڑھنے کی بنیادی وجوہات ذہنی دباؤ، سگریٹ نوشی، ویپنگ، غیر متوازن طرزِ زندگی اور جسمانی سرگرمیوں کا فقدان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فاسٹ فوڈ اور جنک فوڈ کا بڑھتا ہوا استعمال بھی دل کی بیماریوں کے خطرات میں نمایاں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق امراضِ قلب میں مبتلا مریضوں میں خواتین کا تناسب 38 فیصد رہا، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ دل کی بیماریاں خواتین کو بھی تیزی سے متاثر کر رہی ہیں۔بہاولپور کارڈک سنٹر انتظامیہ کے مطابق گزشتہ دو برسوں کے دوران مجموعی طور پر 8 ہزار 100 سے زائد اینجیوگرافیز اور اینجیو پلاسٹی کے کامیاب آپریشن کیے گئے۔ گزشتہ سال 5 ہزار سے زائد اینجیوگرافیز کی گئیں، جبکہ رواں سال اب تک 3 ہزار 100 سے زائد اینجیوگرافیز اور اینجیو پلاسٹی کے مراحل مکمل کیے جا چکے ہیں۔ماہرین صحت نے شہریوں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دل کی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے متوازن غذا، روزانہ ورزش، سگریٹ اور ویپنگ سے اجتناب، ذہنی دباؤ میں کمی اور باقاعدہ طبی معائنہ انتہائی ضروری ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر بروقت احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئیں تو آنے والے برسوں میں دل کے مریضوں کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔صحت کے ماہرین کے مطابق بہاولپور میں امراضِ قلب کے بڑھتے ہوئے رجحان نے نہ صرف طبی حلقوں بلکہ عوامی صحت کے نظام کے لیے بھی خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے، جس کے تدارک کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں






