نواب ثنا اللہ زہری کی مولہ میں پیپلز پارٹی رہنما کے بیٹے کے اغوا اور قتل کی شدید مذمت

کوئٹہ(ڈیلی آوازٹائمز)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما، سابق وزیراعلی بلوچستان اور چیف آف جھالاوان نواب ثنا اللہ خان زہری نے ضلع خضدار کے سیاحتی علاقے مولہ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما میر داد کریم جام کے نوجوان فرزند کے مبینہ اغوا اور بعد ازاں بہیمانہ قتل کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔اپنے تعزیتی بیان میں نواب ثنا اللہ خان زہری نے کہا کہ مولہ جیسے پرامن علاقے میں ایک بے گناہ نوجوان کو اغوا کرکے بے دردی سے قتل کرنا نہایت افسوسناک، بزدلانہ اور انسانیت سوز فعل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات نہ صرف متاثرہ خاندان بلکہ پورے بلوچستان کے عوام کے لیے باعثِ رنج ہیں اور ان کا مقصد معاشرے میں خوف و ہراس پھیلانا ہے۔انہوں نے کہا کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں اور معصوم جانوں کا ضیاع انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے۔ دہشت گردی اور تشدد کے ذریعے بلوچستان کے عوام کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔سابق وزیراعلی بلوچستان نے میر داد کریم جام، ان کے اہل خانہ اور تمام سوگواران سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی شہید نوجوان کی مغفرت فرمائے، اسے جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا کرے اور پسماندگان کو صبر جمیل نصیب کرے۔نواب ثنا اللہ خان زہری نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی ہر پہلو سے شفاف تحقیقات کی جائیں، ملوث عناصر کو فوری گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف مل سکے اور آئندہ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن، بھائی چارے اور ترقی کے خواہاں ہیں، جبکہ دہشت گرد عناصر صوبے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، تاہم پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور ایسے عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں