گوادر(ڈیلی آوازٹائمز) وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے عوام کو دہلیز پر معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے وژن پر عملدرآمد کے سلسلے میں پی پی ایچ آئی گوادر کی جانب سے بنیادی مراکز صحت کی نگرانی کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔اسی سلسلے میں ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی گوادر ڈاکٹر مرشد دشتی نے بنیادی مرکز صحت (BHU) گنز اور بنیادی مرکز صحت (BHU) پیشکان کا تفصیلی مانیٹرنگ دورہ کیا، جہاں انہوں نے طبی خدمات کی فراہمی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران ڈاکٹر مرشد دشتی نے عملے کی حاضری، او پی ڈی رجسٹر، زچہ و بچہ صحت (MNCH) مراکز، توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات (EPI) کے مراکز، ویکسین کی دستیابی اور کولڈ چین کے انتظامات، ادویات کے سرکاری ذخیرے اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا۔انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ مریضوں کو معیاری، بروقت اور بلا تعطل طبی خدمات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، ادویات کا ریکارڈ مکمل رکھا جائے، حفاظتی ٹیکہ جات کی دستیابی برقرار رکھی جائے اور زچہ و بچہ کی صحت سے متعلق خدمات کو مزید مثر بنایا جائے تاکہ دور دراز علاقوں کے عوام کو بہترین طبی سہولیات میسر آ سکیں۔ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایات اور حکومت بلوچستان کی صحت عامہ سے متعلق پالیسی کے مطابق بنیادی مراکز صحت کی مسلسل نگرانی، طبی عملے کی کارکردگی کا جائزہ اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع گوادر کے تمام بنیادی مراکز صحت میں خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور عوام کو مثر، شفاف اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مانیٹرنگ کا سلسلہ باقاعدگی سے جاری رکھا جائے گا






