گڈانی (ڈیلی آواز ٹائمز/یاسرملازئی) حالیہ طوفان سے متاثر ہونے والے گڈانی کے 10 مستحق خاندانوں میں پاکستان شپ بریکرز ایسوسی ایشن کی جانب سے مالی امداد کے چیک تقسیم کیے گئے۔
یہ اقدام چیئرمین گڈانی وڈیرہ جانشیر بلوچ کی خصوصی درخواست پر کیا گیا۔ تقریب میں پاکستان شپ بریکرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔
چیک تقسیم کرنے کی تقریب چیئرمین گڈانی وڈیرہ جانشیر بلوچ، شپ بریکر آصف علی خان، رفیق سلام اور اکبر پنجوانی نے مشترکہ طور پر کی۔ اس موقع پر 10 متاثرہ خاندانوں کو امدادی چیکس حوالے کیے گئے تاکہ وہ طوفان کے باعث ہونے والے نقصانات پر کچھ حد تک قابو پا سکیں۔
چیئرمین گڈانی وڈیرہ جانشیر بلوچ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان شپ بریکرز ایسوسی ایشن کی فراخدلانہ مدد اور بروقت تعاون پر گہرے شکریہ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں ایسوسی ایشن کا یہ انسانیت سوز اقدام قابل تحسین ہے۔ انہوں نے ان تمام افراد اور اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے تعاون کیا۔
مقامی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ یہ امداد صرف مالی تعاون نہیں بلکہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ضرورت کے وقت کمیونٹی ایک دوسرے کے ساتھ کھڑی ہے۔ پاکستان شپ بریکرز ایسوسی ایشن نے یقین دہانی کرائی کہ وہ آئندہ بھی گڈانی کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
یہ اقدام گڈانی میں طوفان سے متاثرہ خاندانوں کے لیے امید کی نئی کرن ثابت ہوا ہے۔






