جھل مگسی، گنداواہ نوتال روڈ پر سردار یار محمد رند کے نائب کی گاڑی پر فائرنگ، تمام افراد معجزانہ طور پر محفوظ

جھل مگسی(ڈیلی آوازٹائمز) ضلع جھل مگسی کے علاقے گنداواہ۔نوتال روڈ پر مروڑ کے قریب گزشتہ شب سردار یار محمد رند کے نائب محمد عظیم رند کی گاڑی پر نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ ذرائع کے مطابق حملے کے دوران گاڑی کو متعدد گولیاں لگیں جبکہ گاڑی کے ٹائر بھی برسٹ ہو گئے، تاہم گاڑی میں سوار تمام افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے اور کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی۔ ذرائع کے مطابق ڈھاڈر سے وڈیرہ علی احمد رند جبکہ سبی سے وڈیرہ فدا علی رند، میر حبیب رند، بابل جان رند، ملک ریاض رند، نثار رند، اکرم رند، عامر رند، امجد رند اور رند برادری کے دیگر افراد بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ گئے۔ انہوں نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور حملہ آوروں کے نشانات کا تعاقب شروع کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تعاقب کے دوران حملہ آوروں کے نشانات قوم دھرپالی (ابڑو)کے عبدالنبی ابڑو کے کیمپ تک پہنچے، جہاں مبینہ طور پر رند برادری کے افراد اور موجود مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ فائرنگ کے بعد رند برادری نے کارروائی کرتے ہوئے تین مبینہ مسلح افراد کو گرفتار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق گرفتار کیے گئے تینوں افراد کو رند برادری اپنے ہمراہ رند قلعہ شوران لے گئی، جہاں انہیں تحویل میں رکھا گیا ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں حالات کشیدہ بتائے جا رہے ہیں جبکہ مقامی افراد میں بھی شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ تاحال پولیس یا ضلعی انتظامیہ کی جانب سے واقعے کی سرکاری تصدیق یا تفصیلی بیان جاری نہیں کیا گیا، جبکہ گرفتار افراد کی شناخت اور حملے کی وجوہات بھی باضابطہ طور پر سامنے نہیں آسکی ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے مقامی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ علاقے میں امن و امان کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے، جبکہ قبائلی عمائدین کی جانب سے بھی کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکنے اور معاملے کو قانون کے مطابق حل کرنے پر زور دیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کی شفاف تحقیقات کر کے حقائق سامنے لائیں تاکہ ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں