حب (ڈیلی آواز ٹائمز/سٹی رپورٹر) ایس پی حب کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں منشیات کے تدارک، جرائم کی روک تھام اور امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے جاری مہم کے تحت ایس ایچ او پولیس اسٹیشن حب سٹی نعیم خان خلجی کی سربراہی میں حب شہر اور گردونواح میں منشیات کے عادی افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی گئی۔کارروائی کے دوران مختلف مقامات سے 100 سے زائد منشیات کے عادی افراد کو تحویل میں لیا گیا۔ زیرِ تحویل افراد کے حوالے سے ضروری قانونی تقاضے مکمل کرتے ہوئے انہیں متعلقہ اداروں کے تعاون سے بحالی اور علاج کے عمل سے گزارنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاکہ انہیں منشیات کی لت سے نجات دلا کر معاشرے کا مفید شہری بنایا جا سکے۔اس کارروائی کا مقصد صرف منشیات کے استعمال کی روک تھام نہیں بلکہ منشیات کی طلب اور رسد کے سلسلے کو توڑنا، منشیات فروشوں کی سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی اور شہر میں اسٹریٹ کرائم، چوری اور دیگر جرائم کے اسباب کو کم کرنا بھی ہے۔ایس پی حب نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ منشیات فروشوں اور منشیات کے پھیلاؤ میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں مزید تیز کی جائیں اور منشیات سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ رکھا جائے۔ایس پی حب نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ، امن و امان کا قیام اور نوجوان نسل کو منشیات کی تباہ کاریوں سے محفوظ رکھنا ڈسٹرکٹ پولیس حب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اس سلسلے میں کارروائیاں روزانہ کی بنیاد پر بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔ڈسٹرکٹ پولیس حب نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ منشیات فروشی یا دیگر مشکوک و مجرمانہ سرگرمیوں سے متعلق معلومات پولیس کو فراہم کریں تاکہ ایسے عناصر کے خلاف بروقت اور مؤثر قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔






