سبی، تریہڑ کا بچا بند شدید طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث خستہ حال، کٹا کا شکار

سبی (ڈیلی آوازٹائمز)سبی کے علاقے تریہڑ کا بچا بند خستہ حال ہو چکا ہے اور حالیہ شدید طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں کے گزرنے کی وجہ سے بچا بند کا بیشتر حصہ کٹا کی نذر ہو گیا ہے۔ گزشتہ روز دریائے لہڑی میں اونچے درجے کے سیلاب کی وجہ سے تریہڑ شہر کے بچا بند کو شگاف لگا تھا جسے شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت پر کیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت بلوچستان اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے فلڈ الرٹ جاری کیا گیا لیکن افسوس کہ فلڈ الرٹ جاری ہونے کے باوجود بھی محکمہ ایریگیشن سبی کے ذمہ داروں نے پیشگی اقدامات نہیں کیے۔ شہریوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل 2010 اور 2022 کے سیلاب میں بھی تریہڑ کے بچا بند کو شگاف لگا تھا جس سے سیلاب کا پانی تریہڑ شہر میں داخل ہوا اور پورا شہر ملیامیٹ ہو گیا تھا۔ شہریوں نے کہا کہ 2022 کے سیلاب کے بعد ہمارے حلقے کے ایم پی اے مرحوم سردار سرفراز خان ڈومکی نے تریہڑ شہر کے بچا بند کی بحالی کے لیے کروڑوں روپے کا فنڈ جاری کیا لیکن افسوس کہ ایکسیئن ایریگیشن سبی اور متعلقہ ٹھیکیدار کی گٹھ جوڑ کے باعث بچا بند کی بحالی کے لیے مختص فنڈ کرپشن کی نذر ہو گئی اور شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت شگاف کو پر کیا تھا۔ شہریوں نے کمشنر سبی ڈویژن، ڈپٹی کمشنر سبی اور حکام بالا سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بڑے سانحہ کے رونما ہونے سے قبل تریہڑ شہر کے انتہائی خستہ حال بچا بند کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں