حب، جامعہ اسلامیہ مدینہ العلوم ٹریفک شعور اور محفوظ سفر کے حوالے سے تربیتی سیشن کا انعقاد

حب (ڈیلی آواز ٹائمز/نیاز اللہ سمالانی)جامعہ اسلامیہ مدینہ العلوم، اکرم کالونی حب میں طلبہ میں ٹریفک شعور بیدار کرنے اور محفوظ سفر کے اصولوں سے روشناس کرانے کے لیے موٹر وے پولیس کی جانب سے ایک خصوصی آگاہی و تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر موٹر وے پولیس کے سب انسپکٹر تیمور گل نے طلبۂ کرام سے خطاب کرتے ہوئے ٹریفک قوانین کی پابندی، محفوظ ڈرائیونگ، سڑک عبور کرنے کے درست طریقۂ کار اور دورانِ سفر اختیار کی جانے والی ضروری احتیاطی تدابیر پر نہایت جامع اور معلوماتی بریفنگ دی۔
انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی صرف قانونی ذمہ داری ہی نہیں بلکہ ایک دینی، اخلاقی اور معاشرتی فریضہ بھی ہے۔ معمولی سی غفلت یا لاپروائی قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے ہر شہری پر لازم ہے کہ وہ ٹریفک اصولوں کا احترام کرے اور دوسروں کے حقوق کا بھی خیال رکھے۔سب انسپکٹر تیمور گل نے جدید ملٹی میڈیا اسکرین اور تصویری و عملی مثالوں کے ذریعے طلبہ کو مختلف ٹریفک علامات، روڈ سائنز، لین ڈسپلن، رفتار کی پابندی، اوور ٹیکنگ کے درست اصول، پیدل چلنے والوں کے حقوق اور حادثات سے بچاؤ کے مؤثر طریقوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ موٹر سائیکل سوار ہمیشہ ہیلمٹ کا استعمال کریں، گاڑی چلاتے وقت موبائل فون کے استعمال سے مکمل اجتناب کریں، سیٹ بیلٹ لازماً باندھیں، تیز رفتاری سے گریز کریں، مقررہ رفتار کی پابندی کریں اور دورانِ ڈرائیونگ صبر، تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
انہوں نے طلبہ کو یہ بھی بتایا کہ سڑک عبور کرتے وقت ہمیشہ زیبرا کراسنگ یا محفوظ مقام استعمال کریں، پہلے دائیں، پھر بائیں اور دوبارہ دائیں جانب دیکھ کر سڑک پار کریں، چلتی گاڑی کے سامنے سے گزرنے یا دوڑ کر سڑک عبور کرنے سے اجتناب کریں، جبکہ بارش، دھند یا رات کے وقت مزید احتیاط برتنی چاہیے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے محفوظ رہا جا سکے۔اس موقع پر جمعیت علماء اسلام تحصیل حب کے امیر مفتی عبدالولی، جنرل سیکرٹری حافظ ہدایت اللہ، جامعہ کے اساتذہ کرام قاری محمد خالد، مولوی نوید احمد، قاری انیس، مولانا زبیر سمیت دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔ مقررین نے موٹر وے پولیس کی اس عوامی خدمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں اس نوعیت کے تربیتی پروگرام نوجوان نسل میں قانون پسندی، ذمہ داری اور شہری شعور پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔آخر میں جامعہ کی انتظامیہ نے موٹر وے پولیس کی ٹیم خصوصاً سب انسپکٹر تیمور گل کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے آگاہی پروگرام منعقد ہوتے رہیں گے تاکہ طلبہ نہ صرف خود ٹریفک قوانین پر عمل کریں بلکہ اپنے اہلِ خانہ اور معاشرے میں بھی محفوظ سفر اور قانون کی پاسداری کا شعور عام کریں۔

کیٹاگری میں : حب

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں