بارکھان میں ڈی ایس پی کی شہادت کی شدید مذمت، شہید کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، عبدالغفور جعفر

کوئٹہ(ڈیلی آوازٹائمز) پاکستان پیپلزپارٹی لورالائی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری عبدالغفور جعفر نے بارکھان میں ڈی ایس پی کی شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں آخری دہشت گرد تک جاری رہیں گی۔اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے شہید افسر کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی لورالائی ڈویژن غم کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ریاستی اداروں کی ہر ممکن حمایت جاری رکھے گی۔عبدالغفور جعفر نے الزام عائد کیا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے پیچھے بیرونی عناصر اور ان کے مبینہ پراکسی کردار موجود ہیں، جبکہ بعض قوم پرست جماعتیں ان کے بیانیے کو تقویت دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں میں عوام کے مسائل حل کرنے اور نوجوانوں کو تعلیم و ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے بجائے انہیں تشدد اور نفرت کی سیاست کی طرف دھکیلا گیا، جس کے منفی اثرات آج بھی بلوچستان بھگت رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا مؤقف واضح ہے کہ بلوچستان کے عوام ریاست پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور دہشت گردی، تشدد اور قانون شکنی کے لیے کسی قسم کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون کی بالادستی اور ریاست کی رٹ ہر صورت برقرار رہنی چاہیے۔عبدالغفور جعفر نے بلوچستان کے عوام سے اپیل کی کہ وہ نفرت اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کرتے ہوئے قومی یکجہتی، امن اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے عوام ایک قوم ہیں اور ملک کی سلامتی و ترقی کے لیے اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی اور ریاست دشمن سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے اور ملک دشمن قوتوں کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔آخر میں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بارکھان کے شہید ڈی ایس پی کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں