حب(ڈیلی آواز ٹائمز/نیاز اللہ سمالانی) بلوچ خان رند کالونی میں صفائی کی صورتحال ابتر ہوگئی، مختلف گلیوں میں کچرے کے ڈھیر جمع ہونے سے شہریوں اور اسکول کے طلباء کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔تفصیلات کے مطابق بلوچ خان رند کالونی میں TCF اسکول کے قریب، گولائی کے پچھلی جانب واقع گلیوں میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر موجود ہیں، جبکہ اسکول کے سامنے بھی کچرا جمع ہونے سے صورتحال تشویشناک ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اسکول کے سامنے سے روزانہ طلباء و طالبات گزرتے ہیں، کچرے کے ڈھیروں اور تعفن کے باعث اسکول جانے والے بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کچرے سے اٹھنے والی بدبو اور گندگی کے باعث طلباء کی صحت کے حوالے سے بھی خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔علاقہ مکینوں نے میونسپل کارپوریشن حب کے چیئرمین گل حسن محمد حسنی اور چیف آفیسر نجیب الدین سے اپیل کی ہے کہ بلوچ خان رند کالونی میں فوری طور پر صفائی کے اقدامات کرتے ہوئے کچرے کے ڈھیروں کو اٹھایا جائے اور اسکول کے اطراف صفائی کا خصوصی انتظام کیا جائے، تاکہ طلباء اور شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہوسکے۔






