حب(ڈیلی آواز ٹائمز/نیاز اللہ سمالانی)جامعہ اسلامیہ مدینۃ العلوم اکرم کالونی حب میں سہ ماہی امتحانات کے نتائج کے اعلان کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں اساتذہ کرام، طلبہ، والدین اور معززینِ علاقہ نے شرکت کی۔تقریب کے دوران سہ ماہی امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں، جبکہ حاضرین نے کامیاب طلبہ کو بھرپور مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر جامعہ اسلامیہ مدینۃ العلوم اکرم کالونی حب کے مہتمم حضرت مولانا مفتی کفایت اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوزیشن حاصل کرنے والے تمام طلبہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ خوش نصیب ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو دینی تعلیم حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائی۔ دینی تعلیم انسان کی دنیا و آخرت سنوارنے کا بہترین ذریعہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ علماء کرام انبیائے کرامؑ کے وارث ہیں، اس لیے طلبہ کو چاہیے کہ وہ اخلاص، محنت اور تقویٰ کے ساتھ علمِ دین حاصل کریں اور اپنے اخلاق و کردار کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں۔ انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ کے مہمان ہیں، لہٰذا اس عظیم نعمت کی قدر کریں اور اپنی تعلیم پر بھرپور توجہ دیں۔تقریب کے اختتام پر جامعہ کے شیخ الحدیث نے ملک کی سلامتی، امتِ مسلمہ کے اتحاد، اساتذہ، طلبہ اور والدین کی کامیابی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کرائی، جس کے بعد پروگرام اختتام پذیر ہوا۔






