حب(ڈیلی آواز ٹائمز/نیاز اللہ سمالانی) میونسپل کارپوریشن حب کے چیئرمین گل حسن محمد حسنی اور چیف آفیسر نجم الدین کی ہدایت پر حب شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج لائنوں کی صفائی اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے صفائی کا عمل جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق میونسپل کارپوریشن حب کی جانب سے شہر میں سیوریج کے مسائل کے خاتمے اور شہریوں کو بہتر نکاسی آب کی سہولت فراہم کرنے کے لیے مختلف علاقوں میں سیوریج لائنوں کی صفائی کا کام شروع کیا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں انچارج یوسف مسیح کی نگرانی جبکہ کونسلر ممتاز لہڑی کی زیرِ نگرانی سول اسپتال اکرم کالونی حب کے علاقے میں سیوریج لائنوں کی صفائی کا کام جاری ہے۔صفائی کے دوران سیوریج لائنوں میں جمع ہونے والے گندے پانی، کچرے اور دیگر رکاوٹوں کو نکالا جا رہا ہے تاکہ سیوریج کا نظام بحال ہو سکے اور گندا پانی سڑکوں اور گلیوں میں جمع نہ ہو۔میونسپل کارپوریشن کے عملے کا کہنا ہے کہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی سیوریج لائنوں کی صفائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، جبکہ جہاں جہاں نکاسی آب کے مسائل کی نشاندہی ہوگی وہاں ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے۔شہریوں نے میونسپل کارپوریشن حب کی جانب سے سیوریج لائنوں کی صفائی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ صفائی کے کام کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے تاکہ بارشوں اور دیگر مواقع پر نکاسی آب کے مسائل پیدا نہ ہوں اور شہریوں کو مشکلات سے نجات مل سکے۔






