حب (ڈیلی آواز ٹائمز/نیاز اللہ سمالانی) ایس پی حب مرزا بلال حسن کی ہدایات پر حب پولیس کی جانب سے ایس ڈی پی او سرکل حب امام یعقوب بلوچ کی زیر نگرانی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مؤثر کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔کارروائی کے دوران غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں، بغیر دستاویزات موٹر سائیکلوں/گاڑیوں، ڈبل سواری اور ٹِنٹڈ شیشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا گیا۔یہ کارروائی ڈی ایس پی ٹریفک، ایس ایچ او سٹی، ایڈیشنل ایس ایچ او بیروٹ اور ٹریفک پولیس کے عملے کی مشترکہ ٹیموں نے مختلف علاقوں میں انجام دی۔ کارروائی کے دوران 45 سے زائد موٹر سائیکلیں تحویل میں لے کر مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس اسٹیشن ساکران منتقل کر دی گئیں۔پولیس حکام کے مطابق غیر رجسٹرڈ اور بغیر دستاویزات گاڑیوں کے خلاف کارروائی کا مقصد ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ مشکوک و غیر قانونی گاڑیوں کے استعمال کی روک تھام ہے۔ضلع پولیس حب کی جانب سے مختلف علاقوں میں چیکنگ اور کارروائیوں کا سلسلہ مزید جاری رہے گا اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی.






