آئی جی بلوچستان محمد طاہر کا سریاب تھانہ، نیو سریاب تھانہ، پی ٹی سی سینٹر، قاسم لائن اور اے ٹی ایف کمپلیکس کا تفصیلی دورہ

کوئٹہ(ڈیلی آوازٹائمز)انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان محمد طاہر نے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس کوئٹہ عمران شوکت اور ایس ایس پی آپریشنز ضیا الحق مندوخیل کے ہمراہ کوئٹہ کے مختلف اہم پولیس مراکز، تھانوں اور حساس مقامات کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران آئی جی بلوچستان نے سریاب تھانہ، نیو سریاب تھانہ، پولیس ٹریننگ کالج (پی ٹی سی) سینٹر، قاسم لائن، اے ٹی ایف کمپلیکس مشرقی بائی پاس اور ملحقہ علاقوں کا معائنہ کیا اور پولیس افسران و اہلکاروں سے ملاقاتیں کیں آئی جی بلوچستان محمد طاہر کے دورے کا مقصد کوئٹہ میں پولیس کی مجموعی کارکردگی، سکیورٹی انتظامات، تھانوں کے نظام، پولیس نفری کی تعیناتی، حساس مقامات کی سکیورٹی اور جرائم کی روک تھام کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔ اس موقع پر متعلقہ پولیس افسران نے آئی جی بلوچستان کو اپنے اپنے علاقوں میں امن و امان کی صورتحال، جرائم کی نوعیت، پولیس گشت، ناکہ بندی، سرچ آپریشنز، تھانوں کی کارکردگی اور درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی آئی جی بلوچستان محمد طاہر نے پولیس افسران پر زور دیا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں کا سلسلہ مزید مثر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کا بنیادی مقصد عوام کو تحفظ فراہم کرنا، ان کے مسائل سننا اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ہے، اس لیے تھانوں میں آنے والے شہریوں کے ساتھ بہتر رویہ اختیار کیا جائے اور ان کی شکایات کو فوری طور پر سنا اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے دورے کے دوران آئی جی بلوچستان نے تھانوں کے مختلف حصوں، ریکارڈ رومز، حوالات، ڈیوٹی رومز اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا اور پولیس افسران سے انتظامی معاملات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹی، حاضری، گشت کے نظام اور تھانوں میں دستیاب سہولیات کا بھی جائزہ لیا آئی جی بلوچستان محمد طاہر نے پولیس افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ ایک اہم صوبائی دارالحکومت ہے جہاں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں جرائم کی روک تھام کے لیے پولیس گشت اور نگرانی کے نظام کو مزید مثر بنایا جائے جبکہ حساس اور اہم مقامات پر سکیورٹی انتظامات کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے انہوں نے ہدایت کی کہ سریاب، نیو سریاب، مشرقی بائی پاس اور ملحقہ علاقوں میں پولیس گشت میں اضافہ کیا جائے اور مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسران فیلڈ میں موجود رہیں، صرف دفاتر تک محدود نہ رہیں اور اپنے علاقوں میں پولیسنگ کے نظام کو خود مانیٹر کریں آئی جی بلوچستان نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو جدید پولیسنگ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جدید ٹیکنالوجی، مثر انٹیلی جنس، بروقت معلومات کے تبادلے اور فیلڈ پولیسنگ کے ذریعے جرائم اور امن و امان کے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ مشکوک افراد اور جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں پر نظر رکھتے ہوئے قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائی کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں