حب (ڈیلی آواز ٹائمز (نیاز اللہ سمالانی) ڈپٹی کمشنر حب کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ، کوآرڈینیشن کمیٹی (DCC) کا اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس حب میں منعقد ہوا، جس میں 14 اگست یومِ آزادی کی تقریبات، امن و امان، ٹریفک مینجمنٹ، انسدادِ منشیات، اسمگلنگ کے خلاف کارروائی، سرکاری عمارات کی سکیورٹی اور دیگر اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے آغاز میں تلاوتِ کلام پاک کی گئی، جس کے بعد شرکاء کا تعارف ہوا۔ اجلاس میں پولیس، ایف سی، ضلعی انتظامیہ، محکمہ ایکسائز، اے این ایف، پاکستان کسٹمز، انٹیلی جنس اداروں، LIEDA، بلدیاتی اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر حب نے ہدایت کی کہ 14 اگست یومِ آزادی کو قومی جوش و جذبے اور شایانِ شان انداز میں منایا جائے۔ تمام سرکاری محکموں کو اپنی عمارات کو قومی پرچموں سے سجانے اور خوبصورت روشنیوں سے منور کرنے کی ہدایت کی گئی۔ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی حب کو بابِ بلوچستان سے گیٹرون کراس تک پورے RCD روٹ پر قومی پرچم نصب کرنے جبکہ MD LIEDA کو LIEDA روڈ پر قومی پرچم لگانے کی ہدایت کی گئی۔
تمام محکموں کے سربراہان اور افسران کو 14 اگست کو صبح 7:45 بجے پرچم کشائی کی مرکزی تقریب میں شرکت اور صبح 9 بجے LIEDA آڈیٹوریم میں منعقد ہونے والی مرکزی یومِ آزادی تقریب میں بھرپور شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنرز وندر اور ڈریجی کو اپنی اپنی سب ڈویژنز میں چیف آفیسرز اور تحصیلداروں کے تعاون سے یومِ آزادی کی تقریبات منعقد کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پولیس، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے فلیگ مارچ منعقد کیا جائے گا، جو LIEDA آفس سے شروع ہو کر حب شہر کے مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا دوبارہ LIEDA آفس پر اختتام پذیر ہوگا۔ فلیگ مارچ کی قیادت ایس پی حب اور متعلقہ ونگ کمانڈر کریں گے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں اسپورٹس آفیسر حب کو شوٹنگ بال، فٹبال اور کرکٹ کے نمائشی میچز/ٹورنامنٹس منعقد کرنے کی ہدایت کی گئی، جبکہ کامیاب ٹیموں اور کھلاڑیوں میں انعامات اور اسناد تقسیم کی جائیں گی۔
ڈپٹی کمشنر نے بلا اجازت ممنوعہ تنظیموں کے حق میں وال چاکنگ اور ان کے جھنڈے لہرانے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے پولیس، ایف سی اور انٹیلی جنس اداروں کو فوری اور قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع بھر کے بینکوں، پٹرول پمپس اور صنعتی یونٹس کو یومِ آزادی کے موقع پر عمارات کو روشن کرنے اور قومی پرچم لہرانے کا پابند بنایا جائے گا۔ LIEDA اور لسبیلہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو صنعتی یونٹس جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز حب اور وندر کو اپنے اپنے علاقوں میں پٹرول پمپس پر اس فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
سرکاری عمارات، دفاتر، اسکولوں، اداروں، ریسٹ ہاؤسز اور سرکاری رہائشی مکانات کی سکیورٹی اور رہائش پذیر افراد کی مکمل تصدیق کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ تمام محکموں کے سربراہان کو 24 گھنٹوں کے اندر تصدیقی و تعمیلی رپورٹ ضلعی انتظامیہ کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے حوالے سے GM K-Electric کو ہدایت کی گئی کہ 14 اگست کو بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے جبکہ 11 سے 14 اگست تک لوڈشیڈنگ کو کم سے کم رکھا جائے۔ٹریفک کے حوالے سے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی، غلط پارکنگ، تیز رفتاری، سگنل کی خلاف ورزی اور غیر قانونی نمبر پلیٹس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ بھاری گاڑیوں کے شہر میں داخلے پر عائد پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرانے اور متبادل راستوں و اوقات کار کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں منشیات کے خلاف کارروائی مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اے این ایف اور محکمہ ایکسائز کو انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں میں اضافہ، بین الادارہ تعاون کو مزید مؤثر بنانے اور منشیات کے نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ ایکسائز کی جانب سے پاکستان نیوی کے تعاون سے منشیات اسمگلنگ کے خلاف حالیہ بڑی کارروائی کو سراہا۔
اسمگلنگ کے خلاف بھی زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پاکستان کسٹمز کی سربراہی میں اسمگل شدہ اشیاء کے ذخیرہ شدہ اسٹاک کے خلاف مشترکہ کارروائیاں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ایف سی بھرپور معاونت فراہم کریں گے۔یومِ آزادی کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے 11 سے 15 اگست تک ضلع بھر میں خصوصی اسنیپ چیکنگ، سرچ آپریشنز اور سکیورٹی نگرانی بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ داخلی و خارجی راستوں، اہم چوراہوں، حساس مقامات، بازاروں اور عوامی مقامات پر خصوصی چیکنگ پوائنٹس قائم کیے جائیں گے۔اجلاس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی 11 سے 15 اگست تک تمام منظور شدہ چھٹیاں منسوخ کرنے اور اس عرصے کے دوران نئی چھٹی نہ دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا تاکہ یومِ آزادی کی تقریبات کے دوران سکیورٹی کے مؤثر انتظامات یقینی بنائے جا سکیں۔آخر میں پولیس کو قومی پرچم، بیجز، جھنڈیوں اور دیگر قومی اشیاء فروخت کرنے والے اسٹالز اور دکانداروں کو مناسب سکیورٹی فراہم کرنے اور ان علاقوں میں گشت بڑھانے کی ہدایت کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر حب نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر بروقت اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور یومِ آزادی کی تقریبات کو پرامن، منظم اور قومی جوش و جذبے کے ساتھ کامیاب بنایا جائے۔






