گڈانی (ڈیلی آواز ٹائمز / یاسر ملازئی) گڈانی شہر میں پینے کے پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گڈانی سٹی روڈ لائن اور کلیچو لائن کو پانی کی فراہمی بند ہوئے تقریباً تین ماہ گزر چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ابتدا میں محکمہ پبلک ہیلتھ کے نمائندوں کی جانب سے “مشین خراب ہونے” کی وجہ بتائی جاتی رہی۔ تاہم اب جبکہ دیگر علاقوں میں پانی کی فراہمی بحال ہو چکی ہے، گڈانی کی ان دونوں اہم لائنوں کو تاحال پانی فراہم نہیں کیا جا رہا۔
متعدد شہریوں نے محکمہ پبلک ہیلتھ کے نمائندے اویس صاحب سے بارہا رابطہ کر کے گڈانی روڈ لائن اور کلیچو لائن میں پانی کی فراہمی بحال کرنے کی درخواست کی، لیکن اب تک اس حوالے سے کوئی مؤثر اقدام سامنے نہیں آیا۔
پانی کی عدم دستیابی کے باعث گڈانی کے مکینوں کو مہنگے داموں پانی کے ٹینکر خریدنے پڑ رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں ٹینکرز پر اضافی اخراجات کی وجہ سے گھروں کا روزمرہ راشن خریدنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔
علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر حب سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اس مسئلے کا فوری نوٹس لیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنایا جائے، متعلقہ حکام کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے اور مقررہ شیڈول کے مطابق گڈانی کے تمام علاقوں میں پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔






