حب(ڈیلی آواز ٹائمز/نیاز اللہ سمالانی)جمعیت علماء اسلام محمود آباد و بلوچ کالونی گلشن لسبیلہ حب کے امیر مولانا عبدالوھاب زہری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و چیئرمین میونسپل کارپوریشن حب گل حسن محمد حسنی کو گلشن لسبیلہ حب کا دورہ کروایا اور علاقے کے مختلف بنیادی مسائل سے آگاہ کیا۔اس موقع پر مولانا عبدالوھاب زہری نے علاقے میں صفائی کی صورتحال، مین ہولز کی تبدیلی، گلیوں میں ٹف ٹائلز کی تنصیب، پانی کی فراہمی، سیوریج لائنوں اور دیگر عوامی مسائل کی جانب چیئرمین کی توجہ مبذول کرائی۔چیئرمین میونسپل کارپوریشن حب گل حسن محمد حسنی نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ انہیں محسنِ حب میر علی حسن زہری کی جانب سے ہدایت ہے کہ حب کے عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ حب کے تمام علاقوں کے بنیادی مسائل مرحلہ وار حل کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ جون 2026 کے بجٹ میں شامل ترقیاتی منصوبوں کے تحت گلشن لسبیلہ حب کی گلیوں میں ٹف ٹائلز کی تنصیب کا کام بھی کیا جائے گا، جبکہ صفائی، سیوریج اور دیگر ضروری مسائل کے حل کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔آخر میں مولانا عبدالوھاب زہری نے علاقے کا دورہ کرنے اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کرانے پر چیئرمین میونسپل کارپوریشن حب گل حسن محمد حسنی کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے کونسلر ممتاز لہڑی سمیت دیگر افراد بھی موجود تھے۔






