کو ئٹہ(ڈیلی آوازٹائمز) آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر پوری قوم بالخصوص صوبے کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 14 اگست ہمیں آزادی کی عظیم نعمت کے علاوہ قومی عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹرل پولیس آفس کوئٹہ میں یوم آزادی کے حوالے سے پرچم کشائی کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ایڈمن جاوید علی مہر، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز شہزاد اکبر، ایڈیشنل آئی جی و کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری اشفاق احمد، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر ز حسن اسد علوی، ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عمران شوکت سمیت دیگر افسران بھی شریک تھے۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا اہم اور ناقابلِ تقسیم حصہ ہے صوبے کے عوام نے قیامِ پاکستان سے لے کر آج تک ملک کی سلامتی استحکام اور ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی قومی ترقی کے سفر میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ ہم تما م بحیثیت قوم خصوصا نوجوان اپنے حیثیت کے مطابق ملک کی ترقی میں اپنا نمایاں،مثبت اوراہم کردار ادا کرتے رہیں۔انہوں نے یو م آزادی پاکستان کے موقع پر شہداکو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے پاکستان کے قیام اور اس کی بقا کے لیے عظیم قربانیاں دیں۔ انہوں نے غازیوں اور ان تمام مکاتب فکر کے لوگوں کے انفرادی و اجتماعی کردار کو سراہتے ہوئے کہا وہ قابل ستائش اور باعث تقلید بھی ہے جن کی ان گنت قربانیوں کی بدولت آج ہم آزاد اور پروقار حیثیت سے سانس لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ عہد کیا ہوا ہے ابھی اور مستقبل میں بھی پورے قومی جذبے کے ساتھ ملک اور قوم کے امن استحکام اور سلامتی کے لیے کسی قسم کی قربانیوں سے دریغ نہیں کر ینگے






