حب، سیوریج لائن کی بندش، علاقہ مکین کو شدید مشکلات کا سامنا

ب (ڈیلی آواز ٹائمز/نیازاللہ سمالانی)بلوچستان کے صنعتی شہر حب کے اہم علاقے بلوچ خان رند کالونی، نزد جامع مسجد موسیٰ میں مین سیوریج لائن کئی عرصے سے بند ہونے کے باعث گندا پانی گلیوں اور راستوں میں جمع ہوگیا ہے، جس سے علاقہ مکین شدید اذیت اور مشکلات کا شکار ہیں۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ مین سیوریج لائن بند ہونے کے باعث گندے پانی نے گلیوں کو تالاب کا منظر پیش کر دیا ہے۔ بدبو اور تعفن کے باعث شہریوں کا گھروں سے نکلنا مشکل ہوگیا ہے، جبکہ بچوں، خواتین، بزرگوں اور نمازیوں کو گزرنے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔شہریوں نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میونسپل کارپوریشن حب کی ذمہ داری ہے کہ شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرے، لیکن سیوریج جیسے بنیادی مسئلے پر خاموشی انتہائی افسوسناک ہے۔ اگر فوری طور پر سیوریج لائن کی صفائی نہ کی گئی تو گندا پانی مزید پھیلنے سے صورتحال سنگین ہوسکتی ہے۔علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ چیئرمین میونسپل کارپوریشن حب گل حسن محمد حسنی اور متعلقہ افسران فوری طور پر بلوچ خان رند کالونی کا دورہ کریں، مین سیوریج لائن کی صفائی کروا کر گندے پانی کی نکاسی یقینی بنائیں۔شہریوں نے خبردار کیا کہ اگر مسئلے کا فوری حل نہ کیا گیا تو وہ اپنے بنیادی حقوق کے لیے متعلقہ اداروں کے خلاف احتجاج اور آواز بلند کرنے پر مجبور ہوں گے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹیکس دینے والے عوام کو صاف ماحول اور بنیادی شہری سہولیات فراہم کرنا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے، محض یقین دہانیوں سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر حب اور میونسپل کارپوریشن کے اعلیٰ حکام سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر مین سیوریج لائن کی صفائی، مرمت اور مستقل نکاسی آب کا نظام یقینی بنایا جائے، تاکہ کسی بڑے حادثے یا وبائی صورتحال سے قبل مسئلے کا خاتمہ ہوسکے۔

کیٹاگری میں : حب

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں