نصیرآباد(ڈیلی آواز ٹائمز/نبی بخش عمرانی) ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل کی زیرِ صدارت 12 ربیع الاول کے مقدس اور بابرکت موقع کے سلسلے میں ضلع بھر میں امن و امان سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور سربراہان نے شرکت کی اور اپنے اپنے محکموں کی جانب سے 12 ربیع الاول کے حوالے سے کیے جانے والے انتظامات اور تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی.
اجلاس میں جلوسوں کے روٹس مرکزی مقامات مساجد اہم مذہبی مقامات پر سیکیورٹی کے انتظامات پولیس نفری کی تعیناتی ٹریفک کی روانی صفائی ستھرائی روشنی، پینے کے صاف پانی صحت و طبی سہولیات اور ریسکیو سروسز کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے ڈپٹی کمشنر کو اپنے محکموں کی تیاریوں اور انتظامات سے آگاہ کیا ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 12 ربیع الاول انتہائی عقیدت و احترام کا دن ہے اس موقع پر عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور امن و امان کو ہر صورت یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں اور جلوسوں و مذہبی اجتماعات کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے.
انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور مربوط حکمتِ عملی کے تحت اپنے فرائض سرانجام دیں تاکہ 12 ربیع الاول کے مقدس موقع پر کسی قسم کی مشکلات پیش نہ آئیں انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ جلوس کے روٹس پر صفائی تجاوزات کے خاتمے ٹریفک کی روانی اور دیگر ضروری انتظامات کو یقینی بنایا جائے جبکہ محکمہ صحت اور ریسکیو حکام ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات مکمل رکھیں.
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر شہریوں کو پرامن اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ انتظامات کی مسلسل نگرانی کریں اور کسی بھی ممکنہ مسئلے کی صورت میں فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کریں۔






